فالز فلیگ آپریشن: مقبوضہ کشمیر میں روزانہ ماورائے عدالت قتل، جعلی مقابلوں میں اضافہ

Published On 06 May,2025 12:41 am

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں پہلگام فالز فلیگ آپریشن کے بعد روز مرہ کے جعلی مقابلوں اور ماورائے عدالت اموات میں اضافہ ہوگیا۔

مقبوضہ کشمیر کے علاقے کولگام میں بھارتی فورسز نے ایک ڈرون فوٹیج جاری کی جس میں مقامی نوجوان امتیاز احمد ماگرے کو دریا میں کودتے ہوئے دکھایا گیاہے۔، بھارتی میڈیا کشمیری نوجوان کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے واویلا مچارہا ہے جبکہ حقیقت اس کے بر عکس ہے۔

بھارتی قابض افواج کشمیرمیں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کرکے دنیاکو گمراہ کر رہی ہیں، بھارتی میڈیا ماضی میں ایسی ہی جعلی خبریں دیتا رہا ہے، بھارتی حکومت عالمی قوانین کو پامال کرتے ہوئے ان کی مسلسل خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔

قابض بھارتی افواج نے روز روز غیر انسانی سرچ آپریشنز اور رات گئے گھروں پر دھاوا بول کر کشمیریوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کررکھا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور اقوام متحدہ سمیت متعدد عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے کشمیریوں پر مظالم پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

اگست 2019ء کے بعد سے 995 کشمیری بھارتی بربریت کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جبکہ 2465 کشمیری زخمی ہوئے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے نتیجے میں 96432 کشمیری شہید ہو چکے ہیں، محض اپریل 2025ء کے مہینے میں 11 کشمیریوں کو زندہ رہنے کے بنیادی انسانی حق سے محروم کر دیا گیا۔

مغربی میڈیا اور عالمی اداروں کی خاموشی نے بھارت کو شہ دے رکھی ہے کہ وہ کشمیریوں پر اپنی بلا جواز ریاستی دہشت گردی کے پہاڑ توڑے، مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے۔

قابض بھارتی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کے طول و عرض میں کشمیریوں کے جانی اور معاشی قتل عام کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور انکے سر سے چھت کا سایہ تک چھینا جا رہا ہے۔