مظفرآباد: (دنیا نیوز) صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں نے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان سے ملاقات۔ کی، ملاقات میں پولیٹیکل قونصلر زیچرے ہرکنرائیڈر اور سفارت کار الزیبتھ بینین نے شرکت کی۔
سلطان محمود چودھری نے امریکی سفارتخانے کے عہدیداران کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور خطے میں امن کے قیام اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی کوششیں تیز کرے۔
سلطان محمود چودھری نے کہا کہ ہم کشمیری جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کے لئے کوششوں کو سراہتے ہیں وہاں اُن کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر انڈیا اور پاکستان کو ثالثی کی پیشکش کی۔