اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں سیف سٹی سسٹم کو وسعت دینے کیلئے مزید 3100 کیمرے لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آن لائن ویمن پولیس سٹیشن اور ون انفوایپ کا افتتاح کیا، انہوں نے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی کاوشوں کو سراہا اور سیف سٹی کی ڈیجیٹل وال پر شہر کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ون انفو ایپ سے ایمرجنسی شکایات درج کرائی جا سکیں گی۔
انہوں نے خواتین اور کمزور طبقات کی فوری مدد کیلیے آن لائن پلیٹ فارمز فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایپ اور آن لائن ویمن پولیس سٹیشن جدید ٹیکنالوجی کے عکاس ہیں۔
محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کی جہاں انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ نے جرائم کی روک تھام اور فوری رسپانس میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے سیف سٹی کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت اور جدید ٹیکنالوجی و اے آئی کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کیلئے سسٹم کو ماڈل منصوبہ بنایا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے سیف سٹی اسلام آباد کو دیگر صوبوں کے سیف سٹیز سے منسلک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیف سٹیز کو آپس میں جوڑنے سے ڈیٹا شیئرنگ میں بہتری آئے گی۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے وزیر داخلہ کو سیف سٹی پر تفصیلی بریفنگ دی کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقوں کو 3100 کیمروں سے مانیٹر کیا جا رہا ہے، سسٹم کو مزید وسعت دینے کیلئے 3100 نئے کیمرے نصب کئے جائیں گے۔
بریفنگ میں کہا کہ سیف سٹی اسلام آباد نے سردار فہیم قتل سمیت کئی ہائی پروفائل کیسز میں کلیدی کردار ادا کیا، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے متعدد اہم مقدمات کی تفتیش میں پیشرفت ہوئی، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی۔۔