سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کی نماز جنازہ ادا

Published On 23 July,2025 01:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

مرحوم کی نماز جنازہ قذافی سٹیڈیم لاہور کے باہر ادا کی گئی، نماز جنازہ شیخ الحدیث جامعہ اشرفیہ پروفیسر مولانا محمد یوسف نے پڑھائی۔

نماز جنازہ میں میاں حماد اظہر، صوبائی وزیر فیصل کھوکھر، سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری، پی ٹی آئی رہنما میاں اعجاز شفیع، جمشید اقبال اور فواد چودھری سمیت اراکین پنجاب و قومی اسمبلی نے شرکت کی۔

چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود سمیت دیگر سیاسی وسماجی شخصیات اور عزیز و اقارب بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

بعد ازاں سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر کی تدفین کر دی گئی، میاں محمد اظہر مرحوم کو احمد بلاک گارڈن ٹاؤن قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سینئر سیاستدان میاں محمد اظہر کے انتقال پر افسوس اور اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ مرحوم میاں اظہر کے والد کا میاں محمد شریف مرحوم کے ساتھ دیرینہ تعلق تھا، دعاگو ہیں کہ اللہ رب العزت میاں محمد اظہر مرحوم کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کو صبر عطا کرے، آمین۔

وزیراعلیٰ مریم نواز، وزیر دفاع خواجہ آصف اور گورنر پنجاب نے بھی میاں اظہر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے میاں اظہر کے گھر جا کر اہلخانہ سے تعزیت کی۔

یاد رہے کہ کارکن کی حیثیت سے اپنا سیاسی کیریئر شروع کرنے والے زیرک سیاستدان میاں محمد اظہر 1987ء میں لاہور کے میئر بنے جبکہ 1990 ءسے 1993ء تک گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز رہے۔

اُن کی عملی سیاسی زندگی کی ابتدائی وابستگی مسلم لیگ ن کے ساتھ تھی اور بعد میں نوازشریف کی جلا وطنی کے دوران پاکستان مسلم لیگ ق میں شامل ہوگئے، بعدازاں اکتوبر 2011 میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اور فروری 2024 کے عام انتخابات میں این اے 129 سے ایم این اے منتخب ہوئے۔