تنازعات کا پر امن حل مکالمے اور عالمی قانون کی پاسداری سے ہی ممکن ہے: اسحاق ڈار

Published On 23 July,2025 01:54 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تنازعات کا پر امن حل مکالمے اور عالمی قانون کی پاسداری سے ہی ممکن ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کے پر امن حل کے اصول پر کار بند ہیں۔

نیویارک میں پاکستان مشن کی جانب سے منعقدہ استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی صدارت کیلئے تین ترجیحات کا انتخاب کیا، تنازعات کا پرامن حل پہلی، کثیر الجہتی تعاون کا فروغ دوسری جبکہ تیسری ترجیح اقوام متحدہ اور او آئی سی جیسی علاقائی تنظیموں میں تعاون کا فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس ماہ کیلئے سلامتی کونسل کی صدارت کا اعزاز حاصل ہوا، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا محور باہمی احترام اور مفاد پر مبنی تعلقات اور تعاون کا فروغ ہے، اقوام متحدہ چارٹر کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کے اصول پر کاربند ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان اور تھائی لینڈ میں تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق

ان کا کہنا تھا کہ تنازعات کا پر امن حل اور طاقت کے استعمال سے گریز منصفانہ عالمی نظام کیلئے ناگزیر ہے، تقریباً ہر خطے میں دیرینہ تنازعات موجود ہیں اور یکطرفہ مفاد کی پاسداری اور عالمی قانون کی پامالی ہو رہی ہے، تنازعات کے پرامن حل، مکالمے اور عالمی قانون کی پاسداری سے ہی امن یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 57 رکنی تنظیم او آئی سی عالمی امن میں اہم شرکت دار ہے، پاکستان امن اور ترقی کے مشترکہ اہداف کیلئے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، پاکستان ماحولیاتی تحفظ کی عالمی کوششوں میں بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن، ترقی اور انسانی حقوق پر مبنی اقوام متحدہ کے تین ستونوں کو مضبوط کر رہا ہے، پاکستان اقوام متحدہ کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کا خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دنیا کو اس وقت گہری تقسیم اور پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہے، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے محاذ آرائی پر تعاون اور طاقت کے استعمال پر سفارتکاری کو ترجیح دینا ہوگی، پاکستان مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔