پی ٹی آئی کا 5 اگست کو ہونیوالے احتجاج سے قبل تیاریاں تیز کرنیکا فیصلہ

Published On 25 July,2025 07:03 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے 5 اگست کو ہونے والے احتجاج سے قبل تیاریاں تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ 5 اگست سے قبل تمام اضلاع اور ڈویژنز میں ریلیاں، جلسے اور کنونشنز کا انعقاد کیا جائے۔

جنید اکبر نے کہا کہ تمام اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اپنے حلقوں میں احتجاجی ریلیاں، کنونشنز، اور عوامی اجتماعات منعقد کریں۔

احتجاجی تحریک کی تیاریوں کے سلسلے میں پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کا اجلاس ہوا، مشاورتی اجلاس پشاور کے مقامی جرگہ ہال میں منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی صدر جنید اکبر خان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں بانی کی رہائی کے لیے جاری تحریک کو حتمی شکل دینے پر مشاورت کی گئی۔

پی ٹی آئی کے اجلاس میں 5 اگست کے احتجاج کی حکمتِ عملی، عوامی رابطہ مہم اور تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے پر بھی مشاورت کی گئی۔