بھارت کی بلوچستان،خیبرپختونخوا میں پراکسی وارجاری ہے: حنیف عباسی

Published On 27 July,2025 05:49 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے بھارت کی بلوچستان، خیبرپختونخوا میں پراکسی وار جاری ہے۔

لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ہم معاشرے کی اصلاح میں اہم کردارادا کررہے ہے، ریلوے کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کےخلاف پاکستان کوعظیم فتح ملی،ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، آج بھارت اپنے زخم چاٹ رہا ہے، وزیراعظم اورفیلڈ مارشل کی بہترین حکمت عملی سے پاکستان کا وقارمزید بلند ہوا۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کامیاب سفارت کاری سےپاکستان کےدنیا سےتعلقات مزید مضبوط ہورہےہیں، چند عناصر نے ہمیشہ ملک کےخلاف سازشیں کیں، باہر بیٹھے چند عناصرکی جانب سے وطن عزیز کے خلاف پروپیگنڈا افسوسناک ہے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ امریکی صدر نے بھی پانچ جہازگرائےجانےکا اعتراف کیا، بھارتی جارحیت کےخلاف پوری قوم کا اتحاد مثالی تھا، بھارت کی بلوچستان،خیبرپختونخوا میں پراکسی وارجاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں، مہنگائی اورپالیسی ریٹ میں نمایاں کمی آئی، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، ریلوے میں بہتری اورشفافیت میری اولین ترجیح ہے، سٹیشنز اور ٹرینوں میں صفائی کا نظام بہترکیا جارہا ہے۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ مسافروں کوبہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، ہسپتالوں اور سکولوں کو آؤٹ سورس کر رہے ہیں، روہڑی، کراچی ٹریک کو بہتر بنانے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب ریلوے کی بہتری کے لیے بھرپور تعاون کر رہی ہیں، پنجاب میں ریلوے سٹیشنز پر مفت انٹرنیٹ کی سروس فراہم کریں گے۔