اسلام آباد:(دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات اور اسلام آباد کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے، جہاں یو اے ای نے پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا فری داخلے کی سہولت باقاعدہ طور پر فعال کردی ہے۔
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) July 27, 2025
اس بات کا اعلان نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ 24 جون 2025 کو ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کے دوران اس اقدام پر اتفاق ہوا تھا۔
اس ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا کی شرط سے استثنیٰ دینے کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے مطابق معاہدہ دستخط کے 30 دن بعد نافذ العمل ہونا تھا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ یہ سہولت اب 25 جولائی 2025 سے مکمل طور پر نافذ ہو چکی ہے، جس کے تحت پاکستانی سرکاری و سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز بغیر ویزا متحدہ عرب امارات میں داخل ہو سکتے ہیں
ان کا یہ کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت اماراتی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو بھی پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ویزا فری انٹری کی سہولت حاصل ہوگی،یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور قریبی تعلقات کا مظہر ہے اور سرکاری سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔