واشنگٹن ڈی سی :(دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی ہم منصب سے واشنگٹن میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دو رہنماؤں کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی اور علاقائی امن کیلئے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔
اسحاق ڈار نے اپنی گفتگو میں کہا کہ امریکہ سے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کے خواہاں ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان جاری ٹریڈ ڈائیلاگ میں مثبت پیش رفت کے حوالے سے پر امید ہیں، پاکستان امریکی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش منزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی امن کے حوالے سے دونوں ممالک کے نکتہ نظر اور مفادات میں ہم آہنگی ہے، امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
ملاقات کے آخر میں دونوں رہنماؤں نےدوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبہ جات میں مضبوط اور منظم روابط استوار کرنے کے ضمن میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔