وزیراعظم کی شانگلہ گلی میں نوازشریف سے ملاقات، دہشتگردی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

Published On 27 July,2025 10:27 pm

مری :(دنیا نیوز) وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی ڈونگہ گلی مری سے شانگلہ گلی پہنچ گئے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سے اہم ملاقات کی، ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں بلوچستان اور کے پی میں دہشتگردی کے محرکات پر تبادلہ خیال ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے نواز شریف کو امریکہ اور چین کے ساتھ نئے سٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات بارے بریف کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب نے پارٹی قائد کو سیلاب کے متاثرین کی بحالی ، امداد سمیت جاری امدادی کاموں پر بریف کیا۔

اس موقع پر نواز شریف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ دہشتگردوں کو پوری قوت سے کچلا جائے، دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں مقامی قبائل کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔

شہبازشریف کا پارٹی قائد سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اپنی ترقی کی نئی منزلوں کی طرف گامزن ہیں، ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے والے اندرونی دہشتگرد اور ان کے بیرونی آقاووں کو شکست ہو گی۔

گفتگو کے دوران نواز شریف اور وزیراعظم نے دہشتگردی کی جنگ میں پاک افواج کی قربانیوں کا سراہا اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جب کہ پارٹی قائد کی جانب سے شہباز شریف کو ظہرانہ بھی دیا گیا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں انتظامی معاملات مزید بہتر بنانے کےلئے بیورو کریسی میں ردوبدل پر بھی بات چیت ہوئی۔