وزیراعظم سے ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کی ملاقات، یوٹیوبرکو شیلڈ، تحائف پیش

Published On 19 July,2025 05:39 pm

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے پاکستان کے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد نے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی جس میں شہباز شریف نے طلحہ احمد کی تخلیقی صلاحیتوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کامیابی کی تعریف کی، انہوں نے طلحہ احمد کی ڈیجیٹل دنیا میں نمایاں کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی، اس کے ساتھ الیکٹرانک ٹیبلیٹ بھی تحفے میں دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان حتیٰ کہ بچے بھی آج کے جدید دور میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، اور طلحہ احمد اس حقیقت کی روشن مثال ہیں،ایسے باصلاحیت نوجوان پاکستانی قوم کی لامحدود استعداد کی علامت ہیں۔

طلحہ احمد نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ملنے والی پذیرائی اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس اعتماد کو اپنے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

واضح رہے کہ طلحہ احمد پاکستان کے مقبول ترین کم عمر ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئیٹرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے کم عمری میں ہی یوٹیوب، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی معیاری اور مثبت ویڈیوز کے ذریعے لاکھوں دل جیت لیے۔