قطری شہزادی اسما آل ثانی پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی سفیر مقرر

Published On 08 July,2025 05:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قطری کوہ پیما اور شاہی خاندان کی رکن شیخہ اسما آل ثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی سفیر مقرر کر دیا۔

شیخہ اسما نے حال ہی میں دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کر کے یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی قطری خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعظم نے شیخہ اسما کو اس کامیابی پر مبارکباد دی، انہوں نے لکھا: مجھے خوشی ہے کہ میں شیخہ اسما آل ثانی کو ان کی بلند خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی سفیر مقرر کر رہا ہوں، نانگا پربت سر کرنے پر میری دلی مبارکباد۔ یہ واقعی قابلِ ستائش اور متاثر کن کارنامہ ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان کی کامیابی حوصلے اور عزم کا پیغام دیتی ہے اور پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار دوستی کی علامت ہے۔

انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں شیخہ اسما نے چوٹی تک پہنچنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور اس سفر کے جذباتی اثرات کو بیان کیا۔

انہوں نے لکھا یہ میری نویں آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹی اور اب تک کی سب سے مشکل چڑھائیوں میں سے ایک ہے، اس پہاڑ نے مجھے ایسے امتحان میں ڈالا جس کی مجھے توقع نہیں تھی، میرے قدموں کے نیچے کالا برفانی تودہ تھا اور ہر چند سیکنڈ بعد پتھر گرنے لگتے تھے، اس دوران زندگی کی نازکی کا مسلسل احساس ہوتا رہا۔

لیکن اس خطرے میں بھی ترقی تھی،خود سپردگی تھی اور وہ طاقت بھی ملی جس کا مجھے علم نہیں تھا کہ اب بھی باقی ہے، میں صرف چوٹی سر کرنے کے لیے نہیں چڑھتی بلکہ اس لیے بھی کہ اصل اہمیت رکھنے والی چیزوں کی طرف لوٹ سکوں، شور و غل سے دور جا کر خود سے دوبارہ جڑ سکوں، انہوں نے مزید لکھا کہ یہ پہاڑ ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا۔

شیخہ اسما نے نانگا پربت کی چوٹی پر قطر کا قومی پرچم لہرایا اور ایسا کرنے والی پہلی قطری خاتون بن گئیں، ان کی سابقہ کامیابیوں میں ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو اور مکالو کی پہاڑی چوٹیاں سر کرنا شامل ہیں۔