دوحہ: (دنیا نیوز) ترجمان قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ قطر میں صورتحال قابو میں ہے۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ ڈاکٹر ماجد الانصاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فریقین امن کیلئے مذاکرات کی میز پر آئیں، قطر میں زندگی معمول پر آگئی۔
— د. ماجد محمد الأنصاري Dr. Majed Al Ansari (@majedalansari) June 23, 2025
ترجمان نے مزید کہا کہ العدید ایئربیس کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں، قطر کا بحرانوں میں ثالثی کا عزم دنیا کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم اس بات کا اطمینان دلاتے ہیں کہ قطر کے فضائی دفاعی نظام نے اس حملے کو کامیابی سے ناکام بنایا اور ایرانی میزائلوں کو روک لیا، حملے کی مکمل تفصیلات پر مشتمل ایک جامع بیان بعد میں وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم یہ بھی واضح کرتے ہیں کہ اس طرح کی اشتعال انگیز عسکری کارروائیوں کا تسلسل خطے کی سلامتی اور استحکام کو شدید خطرے میں ڈال دے گا، اور یہ اقدامات عالمی امن و سلامتی کے لیے تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر تمام عسکری کارروائیاں بند کی جائیں اور سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر واپسی اور مکالمے کا راستہ اپنایا جائے۔
آئی اے ای اے کے سربراہ نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کو شدید خطرناک قرار دے دیا
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کو شدید خطرناک قرار دے دیا۔
رافیل گروسی کا کہنا تھا کہ جوہری تنصیبات پر حملے سرحدوں سے باہر بھی تابکاری پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں۔
سربراہ آئی اے ای اے نے کہا کہ فوجی کشیدگی سے گریز اور سفارتی راستے اپنانے کی ضرورت ہے، اگر سفارت کاری ناکام ہوتی ہے تو جو تباہی پھیلے گی اس کا تصور کرنا بھی ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے مذاکرات ہی واحد پائیدار حل ہیں، ایران کا فوری دورہ کرنے کو تیار ہوں، اختلافات کے باوجود تعاون جاری رہنا چاہیے۔
امریکی مفادات پر حملے کیلئے ہمارے ہاتھ کھل گئے: ایرانی آرمی چیف
ایرانی آرمی چیف جنرل عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ امریکی مفادات پر حملے کیلئے ہمارے ہاتھ کھل گئے۔
عبدالرحیم موسوی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ہماری خودمختاری کی خلاف ورزی کی، ہماری سرزمین پر تین مقامات پر حملے کیے، ہم جواب دیئے بغیر نہیں بیٹھیں گے۔
ایرانی آرمی چیف نے کہا کہ امریکا جنگ میں براہ راست اور واضح شریک ہوچکا، امریکی حملے ایران کیلئے اہداف میں اضافے کا سبب بنے، خطے میں اثرات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا خطے میں صیہونی حکومت کو بچانے کیلئے ایران پر حملہ آور ہوا، ایرانی مسلح افواج نیتن یاہو کو طاقت کے ساتھ سزا دیتی رہیں گی۔