ایران کا قطر میں امریکی اڈے پرحملہ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

Published On 23 June,2025 11:39 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) ایران کی جانب سے قطر میں موجود امریکی فوجی اڈے پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 6 فیصد سے زائد گرگئی ہے۔

امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 6.32 فیصدکی کمی کے بعد 69.17 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے، برطانوی خام تیل برینٹ آئل 6.28 فیصدکی کمی کے بعد 72.17 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔

خیال رہےکہ ایران نے قطر اور عراق میں امریکی اڈوں پر بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں، امریکی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے قطر کی جانب 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔

قطری وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قطر نے پیشگی سکیورٹی اقدامات کے طور پر امریکا کے العديد فوجی اڈے کو خالی کرادیا تھا، قطر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہےکہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے امریکی العدید ائیر بیس کی جانب فائر کیا گیا ایک میزائل تباہ کردیا ہے۔

خیال رہےکہ قطر میں امریکی العدید ائیربیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے۔