امریکی حملے سے ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا، ڈپٹی چیئرمین روسی سکیورٹی کونسل

Published On 23 June,2025 08:00 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) ڈپٹی چیئرمین روسی سکیورٹی کونسل دمتری میدیدوف کا کہنا ہے کہ امریکی حملے سے ایران کا جوہری فیول سائیکل متاثر نہیں ہوا، حملے سے ایران کے جوہری فیول سائیکل کو کچھ معمولی نقصانات ہوئے ہیں۔

دمتری میدیدوف نے کہا کہ روسی سکیورٹی کونسل کے مطابق امریکی حملے کے بعد بھی ایران میں یورینیئم کی افزودگی کا عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت سے ممالک ایران کو براہ راست جوہری وارہیڈز دینے کیلئے تیار ہیں، پہلے جو سپریم لیڈر کے مخالف تھے امریکی حملوں کے بعد ان کی حمایت میں ریلیاں نکال رہے ہیں۔

دمتری میدیدوف نے کہا کہ اسرائیل اب بھی حملوں کی زد میں ہے اور اسرائیلی شہر دھماکوں سے لرز رہے ہیں، ٹرمپ جسے پریزیڈنٹ آف پیس کہا گیا اب امریکا کو ایک نئی جنگ میں دھکیل چکے ہیں۔