ایران پر امریکی حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی نہیں، نیٹو

Published On 23 June,2025 09:12 pm

دی ہیگ: (دنیا نیوز) نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے کہا کہ ایران پر امریکی حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی نہیں، ہمارا سب سے بڑا خوف ایران کے پاس جوہری ہتھیارہونا اور اس استعمال کرنا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مارک روٹے نے دی ہیگ میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس سے قبل کہا کہ جہاں تک ایران کے جوہری پروگرام پر نیٹو کے مؤقف کا تعلق ہے، اتحادیوں کا طویل عرصے سے اتفاق ہے کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

انہوں نے اس خیال کو مسترد کر دیا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ نیٹو کے 32 رکن ممالک کے منگل سے شروع ہونے والے اجلاس سے توجہ ہٹا دے گی، مارک روٹے نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ایران ’یوکرین کے خلاف روس کی جنگ‘ میں گہرائی سے ملوث ہے، اور ایرانی ڈرون یوکرین میں شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر قتل کرنے کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2024 سے سیکریٹری جنرل نیٹو کے طور پر خدمات انجام دینے والے مارک روٹے ڈچ سیاستدان ہیں، 14 فروری 1967 کو پیدا ہونے والے مارک روٹے اس سے قبل 2010 سے 2024 تک نیدرلینڈز کے وزیر اعظم اور 2006 سے 2023 تک فریڈم اینڈ ڈیموکریسی کے لیے عوامی پارٹی کے رہنما رہے۔