واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ قطر میں ایران کے حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے بہت کمزور ردعمل دیا، انہوں نے کہا کہ کہا ایران کی جانب سے 14میزائل داغے گئے، 13 کو گرا دیا گیا، حملے میں کسی امریکی کو نقصان نہیں پہنچا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ پیشگی نوٹس پر ایران کا شکریہ، اس سے جانی نقصان روکنا ممکن ہوا، دنیا کو مبارک ہو، امن کا وقت آگیا ہے، ایران اب خطے میں امن اور ہم آہنگی کی جانب بڑھ رہا ہے، اسرائیل کو بھی کہتا ہوں کہ امن کے لئے آگے آئے۔
ایران نے شام کے بعد قطر، عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغ دیئے
واضح رہے کہ ایران نے شام کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغ دیئے تھے، دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں، بتایا گیا گیا کہ ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر 6 میزائل داغے گئے۔
خبر ایجنسی کے بتایا تھا کہ فضا میں شعلے بلند ہوتے بھی دکھائی دے رہے ہیں، امریکا العدید ایئر بیس پہلے ہی خالی کر چکا ہے، ایرانی حملوں کے پیش نظر قطر اپنی فضائی حدود بند کر چکا ہے، قطری حکومت نے متعدد سکولوں کو بھی بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔
ایران نے عراق میں بھی امریکی اہداف پر حملہ کر دیا، عراق میں امریکا کی عین السد ائیر بیس پر فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے جبکہ وہاں موجود اہلکاروں کو بھی بنکروں میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قطر نے امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قطر اس حملے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، امریکی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ قطر میں امریکی العدید ایئربیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے۔
ایرانی خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق امریکی اڈوں پر ایرانی حملوں کو ’آپریشن بشارت فتح‘ کا نام دیا گیا ہے۔