وزیراعظم سے محسن نقوی کی ملاقات ، یوم عاشور کی سکیورٹی بارے بریفنگ دی

Published On 06 July,2025 10:32 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی اور انہیں یوم عاشور کے موقع پر سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی جبکہ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں، سکیورٹی فورسز اور پولیس کو شاباش دی۔

شہباز شریف نے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، مراد علی شاہ، علی امین گنڈاپور، میر سرفراز بگٹی، اور وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر چودھری انوار الحق، وزیر اعلی گلگت بلتستان گلبر خان کو یوم عاشور کے موقع اپنے اپنے علاقوں میں مؤثر سکیورٹی انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے صوبائی انتظامیہ، پولیس، سکیورٹی فورسز اور رینجرز کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ صوبائی حکومتوں اور سکیورٹی فورسز کی مؤثر و پیشہ ورانہ منصوبہ بندی کی بدولت عوام کے لیے یوم عاشور کا پر امن اور پر سکون انعقاد ممکن ہوا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات اورعوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو عاشورہ کے انتظامات احسن طریقے سے انجام دینے پر سراہا۔