راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بلوچستان میں شہید ہونے والے میجر زیاد سلیم کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید میجر کی والدہ، بہن، بھائیوں اور دیگر اہل خانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی کی۔
وزیر داخلہ نے شہید کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، اس موقع پر انہوں نے شہید کی والدہ، بہن اور بھائیوں کے حوصلے اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسی بہادر اور بلند حوصلہ مائیں قوم کا فخر ہیں۔
محسن نقوی نے شہید کی والدہ کی عظمت، ہمت اور قربانی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی قربانیوں کا قرض قوم کبھی نہیں اتار سکتی، شہید میجر زیاد سلیم کی بے مثال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے خاندان کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔
دورے کے دوران شہید کے بھائی نے وزیر داخلہ کو میجر زیاد سلیم کا آخری آڈیو پیغام بھی سنایا جس نے جذباتی فضا کو مزید گہرا کر دیا۔
شہید کی والدہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہادت سے کچھ عرصہ قبل ہی بیٹے کی شادی ہوئی تھی، وطن سے عشق انہیں جنون کی حد تک تھا، زخمی ہونے کے باوجود زیاد نے اپنے ساتھیوں کو بچانے کی کوشش کی اور زخموں کی پروا نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شوہر کے بعد اب بیٹا بھی وطن پر قربان ہو گیا مگر میں ہمیشہ پاک وطن اور پاک افواج کے ساتھ کھڑی رہی ہوں اور رہوں گی۔
واضح رہے کہ میجر زیاد سلیم کے والد بریگیڈیئر سلیم بھی 2005 میں مادر وطن پر قربان ہو چکے ہیں۔