جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورہ مصر، صدر عبدالفتاح السیسی سمیت عسکری حکام سے ملاقاتیں

Published On 31 July,2025 09:03 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مصر کا سرکاری دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا کی مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا دفاعی اور سکیورٹی مذاکرات کے تیسرے دور کیلئے مصر کے دورے پر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا کی مصری وزیر دفاع اور کمانڈر انچیف مصری مسلح افواج جنرل عبدالمجید احمد عبدالمجید سقر سے بھی ملاقات ہوئی۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چیئرمین اور ایم ڈی سوئز کینال اتھارٹی ایڈمرل اسامہ منیر محمد ربی سے بھی ملاقات کی، وہ امام اعظم الازہر پروفیسر ڈاکٹر احمد محمد احمد الطیب سے بھی ملے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ فوجی تعاون، سلامتی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فریقین نے تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں موجودہ تعلقات کو وسعت دینے پر زور دیا۔