میانوالی جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس: پی ٹی آئی کے 50 رہنما و کارکن اشتہاری قرار

Published On 01 August,2025 12:45 pm

سرگودھا: (دنیا نیوز) سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے جڑے جوڈیشل کمپلیکس میانوالی حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے محمد اسماعیل کو 25 سال قید کی سزا سنا دی جبکہ 50 رہنما و کارکن اشتہاری قرار دے دیئے۔

سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد نعیم شیخ نے مقدمہ نمبر 349/23 کا فیصلہ سنایا کہ ملزمان پر 9 مئی کو جوڈیشل کمپلیکس حملہ میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے الزامات ثابت ہوئے ہیں۔

 انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈی پی او میانوالی کو ایک ماہ کے اندر احمد خان بھچر، احمد چٹھہ اور بلال اعجاز سمیت تمام 50 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ 

یاد رہے کہ اس مقدمے میں پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب خان کے پہلے ہی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں، وہ تاحال مفرور ہیں، عدالت نے ان کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج جاوید اقبال شیخ نے 9 مئی کے 3 مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، رکن قومی اسمبلی زرتاج گل اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت پی ٹی آئی کے درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کو سزائیں سنائی تھیں۔

عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری، زین قریشی اور خیال کاسترو سمیت 88 افراد کو بری کیا تھا۔