اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیاں اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاک ایران باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت ہوئی، جبکہ علاقائی سلامتی اور مشرق وسطی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر نے ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان کی دو ٹوک حمایت پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش
قبل ازیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے، ایرانی صدر کے اعزاز میں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، مسعود پزشکیان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
وزیراعظم نے معزز مہمان سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا جبکہ ایرانی صدر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے وفد کے ارکان کی تعارف کرایا، بعدازاں ایران کے صدر مسعود پزشکیاں نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات میں باہمی تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، بعد ازاں معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
ایرانی صدر کی آج صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقات شیڈول ہے، صدر مملکت کی جانب سے ایرانی صدر کے اعزاز میں عشائیہ بھی متوقع ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ باہمی ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کے مزید فروغ، توانائی و تجارت میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔