وزیراعظم سے شاہزیب رند کے والد کی ملاقات، 50 لاکھ کا چیک پیش کیا

Published On 29 July,2025 12:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے مکس مارشل آرٹس فائٹر شاہزیب رند کے والد خیر محمد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران حکومت کی جانب سے شاہزیب رند کے نام 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا گیا، وزیرِ اعظم نے شاہزیب کی بین الاقوامی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ان کے آئندہ مقابلوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ چند دن قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے عالمی شہرت یافتہ کمبیٹ فائٹر شاہزیب رند کو حکومتی وعدے پورے نہ کرنے پر معذرت کی، انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس معاملے میں غلط فہمی کی وجہ سے تاخیر ہوئی، جس پر افسوس ہے اور ہم اس سے پیدا ہونے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ قومی ہیروز کی خدمات کو ہر سطح پر سراہا جاتا ہے اور وزیراعظم نے اس غیر ضروری تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری حل کے احکامات دیئے ہیں۔

یاد رہے کہ شاہزیب رند نے حال ہی میں وزیراعظم سے وعدے پورے نہ ہونے پر شکوہ کیا تھا اور امید ظاہر کی کہ ان کی آواز سن لی جائے گی۔