یومِ استحصال پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں: اورنگزیب خان کھچی

Published On 05 August,2025 02:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ یومِ استحصال پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہاکہ 5 اگست کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی یاد دلاتا ہے، بھارتی اقدامات عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

اورنگزیب کھچی نے کہاکہ اقوامِ متحدہ کو کشمیری عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے ہوں گے، بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد قابلِ تحسین ہے، کشمیری ثقافت، شناخت اور تشخص کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ 5 اگست 2019 کا اقدام کشمیریوں کے حقوق پر حملہ تھا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔