مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی لوح تقدیر پر ثبت ہو چکی ہے: مریم نواز

Published On 05 August,2025 09:16 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی لوح تقدیر پر ثبت ہو چکی ہے۔

یومِ استحصالِ کشمیر پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر کے غیور بہن بھائیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہوں، پانچ اگست 2019 سے بھارتی مظالم میں اضافے کے باوجود کشمیریوں کا حوصلہ اور ہمت قابل تحسین ہے، کشمیر فیصلہ کرے گا ہم ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ عالمی ضمیر پر سوال ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی تاریخ کا سیاہ باب ہے، کشمیری بہن بھائیوں پرآزادی کا سورج طلوع جلد ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ برصغیر میں مستقل امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، ہزاروں کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت ظلم کر کے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کشمیر ہر پاکستانی کے دل میں دھڑک رہا ہے، بھارت کے ظلم و ستم کی وجہ سے کشمیری ایک دہائی سے لاک ڈاؤن کی زندگی گزار رہے ہیں، کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر مستقل بے حسی عالمی ضمیر کے خلاف چارج شیٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا ظلم وقتی ہے لیکن کشمیر کی آزادی مقدر ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ناقابل قبول ہے، دنیا کو کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کا قبضہ غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی ہے، کشمیر کی سیاہ رات کا سورج ضرور طلوع ہوگا، دنیا پر کھل چکا ہے کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں بلکہ انسانی المیہ بن چکا ہے، خطے کے ڈیڑھ ارب سے زیادہ لوگ امن اور خوشحالی کی سحر دیکھنے کے مستحق ہیں۔