5 اگست کو کوئی راستہ بند نہیں تھا، یہ خود جا کر پولیس وین میں بیٹھتے رہے: عظمیٰ بخاری

Published On 07 August,2025 05:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 5 اگست کو کوئی راستہ بند نہیں تھا کسی کو نہیں روکا گیا، یہ خود جاکر پولیس کی وین میں بیٹھتے رہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پرسوں کی ناکام کارروائی پر کچھ نہیں کہہ سکتی، عالیہ حمزہ نے ٹوئٹر پر خود صرف 15 لوگوں کی تاریخی ریلیاں دکھائیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہمارے درمیان فساد گروپ ہے، فساد گروپ ملک کے خلاف سازشیں کرنے سے باز نہیں آتا، فساد گروپ نے اب 14 اگست کو احتجاج کرنے کی تاریخ دے دی ہے، 14 اگست کو گندے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ یاتریوں کا یہاں نہ آنا ہمارے لیے بھی تکلیف کی بات ہے، بھارت نے اپنے ہتھکنڈوں میں کھیل کے ساتھ مذہب کو بھی نہیں بخشا۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اداروں کو سیاست میں لانا اور طعنہ بازی کرنا بانی کی پرانی عادت ہے۔

عظمیٰ بخاری نےکہا کہ جو ملک کی بہتری کی بات کرے گا بانی کی اس سے دشمنی ہے، جو عوام کی بھلائی کیلئے کام کر رہا ہوگا بانی اس سے دشمنی کرے گا۔