آذربائیجان کے دفاعی وفد کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

Published On 19 August,2025 07:22 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) آذربائیجان کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے ائیر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے نائب وزیراعظم اور ڈی جی ڈیفنس اگل گربانوف نےوفد کے ہمراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر وسیع اور نتیجہ خیز بات چیت کی گئی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ملاقات میں دفاعی تعاون، تربیت، جدت اور تکنیکی مہارت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جب کہ ایئرچیف نے آذربائیجانی وفد کو خوش آمدید کہا، ایئرچیف نے دونوں ممالک کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اپنی گفتگو کے دوران ایئر چیف نے وفد کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، اہداف اور مستقبل کی جنگی تیاریوں بارے آگاہ کیا۔

ملاقات کے آخر میں ایئر چیف نے آذربائیجان کی فضائیہ کی آپریشنل ٹریننگ اور صلاحیت بڑھانے میں مدد کے لیے حمایت کا بھی اعادہ کیا۔