کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ربیع الاول کا چاند 24 اگست کو نظر آنے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 23 اگست کو دن 11 بجکر 6 منٹ پر نیا چاند پیدا ہونے کی توقع ہے جبکہ 24 اگست کی شام تک اس کی عمر 32 گھنٹے اور 13 منٹ ہوگی۔
ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا کہ ملک کے ساحلی خطوں میں سورج غروب ہونے اور چاند ڈوبنے کے درمیانی وقت کا فرق قریباً 45 منٹ کا ہوگا، جس کے باعث 24 اگست کو چاند دیکھنے کے امکانات کافی زیادہ ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگر یہ پیشگوئی درست ثابت ہوئی تو ربیع الاول 147 ہجری کا آغاز 25 اگست 2025 کو ہوگا اور 12 ربیع الاول جمعہ، 5 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے بھی ربیع الاول 1447 ہجری کا چاند 24 اگست کو نظر آنے کے بارے میں پیشگوئی کررکھی ہے، تاہم سپارکو نے وضاحت کی ہے کہ چاند کی رویت کا حتمی اعلان صرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرےگی۔