کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیل 36 گھنٹوں بعد بھی مکمل طور پر بحال نہ ہوسکی۔
کے الیکٹرک نے نیپرا سے تمام فیڈرز کو مکمل فعال کرنے کیلئے گزشتہ رات نو بجے کا وقت مانگا تھا، نیپرا کی دی گئی ڈیڈ لائن کا وقت بھی گزر گیا، شہر کےمتعدد علاقے بجلی کی فراہمی سےتاحال محروم ہیں۔
کے الیکٹرک کے 2100 فیڈرز میں سے 200 سے زائد فیڈرز تاحال بند ہونے سے صارفین شدید کرب میں مبتلا ہیں، ڈسٹرکٹ سینڑل میں لیاقت آباد ،خاموش کالونی ، ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، گولیمار، ایف سی ایریا بجلی کی فراہمی سے تاحال محروم ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ میں گلشن اقبال بلاک 13 ڈی، کمشنر سوسائٹی،بلاک 4اےسمیت شانتی نگر بجلی سے محروم ہیں، ڈسٹرکٹ ملیر میں کھوکھرا پار، ملیر ٹنکی ، ملیر ہالٹ ، سکیم ۳۳ کےعلاقے 36 گھنٹوں سے بجلی کے منتظر ہیں۔
صارفین ڈسٹرکٹ ویسٹ میں گارڈن، لی مارکیٹ، نشتر روڈ، رام سوامی ،عثمان آباد کے صارفین بجلی بندش کا شکار ہیں، ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں صدر کے متعدد علاقے اور کورنگی کا بیشر حصہ بجلی کی فراہمی سے تاحال محروم ہے۔
اورنگی ٹاؤن کے رہائشی بھی 36 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود بجلی کو بحال ہوتا ہوا نہ دیکھ سکے، سرجانی، نیو کراچی، نارتھ کراچی، شادمان، ایف بی ایریا، نمائش کے علاقوں میں بھی بجلی تاحال غائب ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی ہیلپ لائن پر مسلسل شکایات درج کرا رہے ہیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہو رہی۔
دوسری جانب کے الیکٹرک ترجمان نے کہا کہ کے ای کا ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک مستحکم ہے بجلی بحال ہونا شروع ہوگئی۔