شہرِ قائد کے 94 فیصد علاقوں کی بجلی بحال کردی : سی ای کے الیکٹرک کا بڑا دعویٰ

Published On 20 August,2025 11:44 pm

کراچی :(دنیا نیوز) چیف ایگزیکٹو ‏کےالیکٹرک مونس علوی کا شہر میں بجلی کی فراہمی کےحوالے سے بڑا دعوی سامنے آگیا۔

شہرِ قائد سے جاری اپنے ایک بیان میں مونس علوی کا کہنا تھا شام چھ بجے تک شہر کے 94 فیصد سے زائد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کر دی، شہر کے قریباً 150 فیڈرز ہیں، جن پر بجلی بحالی کا کام جاری ہے،  شہر میں 130سے 170ملی لیٹر تک بارش ہوئی، 2020 کے بعد ریکارڈ بارش ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی بارش میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، بارش کے بعد مقامی انتظامیہ نے پمپس لگا کر علاقوں سے پانی کی نکاسی شروع کردی جس سے  رات کو ہی شارع فیصل کو صاف کردیا گیا تھا۔

چیف ایگزیکٹو کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ بارش کی وجہ سے ہمارے فیلڈ سٹاف کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، پانی کی وجہ سے کے الیکٹرک کی گاڑیوں کو فالٹ والے مقامات تک پہنچنے میں دقت پیش آرہی ہے۔

مونس علوی نے مزید کہا کہ بارش کے دوران بجلی کے 500 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوئے رات گیارہ بجے تک صرف 200 رہ گئے۔