جدہ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بنگلہ دیشی مشیر خارجہ، ملائیشین وزیر خارجہ کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے غزہ بارے موقف پر اظہار یکجہتی کیا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ آج دوبارہ اپنے بھائی، بنگلہ دیش کے مشیر برائے خارجہ محمد توحید حسین سے ملاقات کرنا باعث مسرت رہا، یہ ملاقات اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کونسل کے21 ویں غیر معمولی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس سے قبل میں نے گذشتہ ہفتے کے اختتام پر بنگلہ دیش کے دورے کے دوران ان سے تفصیلی بات چیت کی تھی، ہم نے فلسطین کے جائز مؤقف کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے زور دیا کہ فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی، مستقل جنگ بندی اور دو ریاستی حل کے ذریعے پائیدار امن ضروری ہے، ہم نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں نئی پیش رفت کو دہرایا۔
نائب وزیرا عظم نے کہا کہ ہم نے اس تعاون کے مثبت نتائج کے منتظر ہونے پر اتفاق کیا جو مختلف شعبوں میں سامنے آئیں گے، اسحاق ڈار
دونوں فریقوں نے قریبی تعاون پر آمادگی ظاہر کی تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے اور خطے میں مشترکہ خوشحالی کے لیے تعاون کو آگے بڑھایا جا سکے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد حاجی حسن سے بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا نے فلسطین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
غزہ کی صورتحال پر دونوں وزرائے خارجہ نے گہری تشویش کا اظہار کیا اور بلا رکاوٹ انسانی امداد اور مستقل جنگ بندی پر زور دیا گیا، اس موقع پر امن کے قیام کے لیے فوری عالمی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے جولائی میں کوالالمپور میں اے آر ایف اجلاس کی کامیاب میزبانی کو سراہا اور ملائیشیا کی قیادت سے خوشگوار ملاقاتوں کا ذکر کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ملائیشیا نے قریبی برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا عزم دہرایا اور تجارت، اقتصادی تعلقات اور عوامی روابط کے فروغ پر زور دیا۔