این ڈی ایم اے نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سامان پہنچا دیا

Published On 04 September,2025 05:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان کی جانب سے این ڈی ایم اے نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سامان پہنچا دیا۔

افغانستان میں 31 اگست 2025 کی رات آنے والے ہولناک زلزلے کے نتیجے میں 1400 سے زاءد افراد جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے 105 ٹن امدادی سامان روانہ کیا گیا، امدادی سامان میں راشن بیگز، خیمے، کمبل، چٹائیاں اور ادویات شامل ہیں۔

امدادی سامان 40 فٹ کنٹینر والے 5 ٹرکوں کے ذریعے طور خم بارڈر کے راستے افغانستان پہنچایا گیا، سامان 3 ستمبر کو اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کے ویئر ہاؤس سے روانہ ہوا جبکہ 4 ستمبر کو طور خم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔

سامان حوالگی تقریب میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر امیر مقام پاکستان کے کونسل جنرل پاکستان جلال آباد قونصلیٹ شفقت اللہ اور افغانستان کے کونسل جنرل پشاور قونصلیٹ حافظ محب اللہ شاکر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

این ڈی ایم اے کے افسران سمیت افغان حکومت کے نمائندگان اور پاکستان میں افغانستان ایمبیسی کے عہدیداران نے بھی شرکت کی، افغان ایمبیسی نے بروقت امدادی سامان کی ترسیل پر شکریہ ادا کیا۔