گیلانی، کنڈی کی قوم کو عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد، سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل

Published On 06 September,2025 11:05 am

ملتان: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 12 ربیع الاول کے موقع پر پوری امت مسلمہ اور پاکستانی عوام کو عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد پیش کی ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کا پیغام اخوت، محبت، شفقت اور صبر ہے، ہمارا دین امن کا دین ہے اور موجودہ مشکلات کا حل صرف نبی اکرم ﷺ کے احکامات پر عمل کرنے میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب ایک بڑا المیہ ہے جس سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں، حکومت سیلاب زدگان کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے اور نقصانات کے تخمینے کے بعد متاثرین کے لیے پالیسی مرتب کی جائے گی۔

یوسف رضا گیلانی نے سیلاب زدگان کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس وقت امدادی سرگرمیوں کا مرحلہ ہے جبکہ بعد میں تعمیر نو کے لیے حکومت پالیسی تشکیل دے گی۔

اس موقع پر انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی ملتان اور مظفرگڑھ آمد کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی کی آمد ورکرز کے لیے خوشی کا باعث اور متاثرین کے لیے امید کا پیغام ہوگی۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہماری افواج اور عوام نے جس طرح دشمن کو جواب دیا وہ دنیا نے دیکھا۔

انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان، پنجاب اور کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال ہے، ایسے وقت میں ہم سب کو یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین کی خدمت کرنی چاہیے۔