لندن: (دنیا نیوز) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں محفل میلاد مصطفیٰؐ کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم نے میزبانی کی، محفل میلادؐ میں برطانوی پاکستانی خواتین اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
نبی آخر الزمانؐ کی ولادت باسعادت کے موقع پر روح پرور محفل میلاد میں پاکستان ہائی کمیشن کے افسران کی بیگمات اور اہل خانہ بھی شریک ہوئے۔
— Pakistan High Commission London (@PakistaninUK) September 6, 2025
محفل میں نبی کریمؐ کو نعت و سلام کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، میلاد میں نبی کریمؐ کی رحمت، شفقت اور محبت بھرے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔
ڈاکٹر سارہ نعیم نے کہا کہ میلاد النبیؐ خود شناسی اور محبت رسولؐ کا ذریعہ ہے، نبی کریمؐ کے اصول باہمی احترام، ہمدردی اور احسان کو فروغ دیتے ہیں۔
محفل میں اقلیتوں کے ساتھ رواداری اور عدل و انصاف کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی، تقریب کے اختتام پر بچوں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے۔
پاکستان میں سیلاب متاثرین، امت مسلمہ اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، درود و سلام کے ساتھ محفل میلاد مصطفےٰؐ کا روح پرور اختتام ہوا۔