اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان میں سعودی پریس اتاشی ڈاکٹر نایف العتیبی نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ یومِ دفاع پاکستان، پاکستانی بھائیوں کے وجدان میں وہ دن ہے جو قربانی، یکجہتی اور حوصلے کی علامت ہے۔
انہوں نے وطن کے لیے سب کچھ نچھاور کرنے والے شہداء اور اُن کے اہلخانہ کو سلام بھی پیش کیا۔
— Dr. Naif Alotaibi (@Dr_Naif777) September 6, 2025
اس سے قبل یومِ دفاع و شہدا پاکستان کے موقع پر صدر اور وزیراعظم نے اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم اور فوج کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ملکی دفاع کے عزم کو دہرانے کا اعلان کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری تاریخ کا روشن باب ہے, ایک قابل فخر قوم کی حیثیت سے آج کے دن ہم اپنی بہادر مسلح افواج اور عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے غیر متزلزل عزم اور بے مثال حوصلے سے سرحدوں کا دفاع کیا۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہماری قومی تاریخ میں بہادری، اتحاد اور عزم کی یاد تازہ کرتا ہے۔