پاکستانی قوم کو ملک و قوم کی سلامتی کے لیے یکجا ہونا ہوگا: علی امین گنڈاپور

Published On 06 September,2025 10:47 am

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو ملک و قوم کی سلامتی کے لیے یکجا ہونا ہوگا۔

یومِ دفاع 6 ستمبر کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 1965 کا دن پاکستانی قوم کے لیے ایک تاریخی دن ہے جس نے پوری دنیا پر یہ ثابت کر دیا کہ پاک فوج اور قوم وطن کی سلامتی کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کی یاد پاکستانی عوام میں ایک نیا جذبہ اور اپنی جان وطن پر قربان کرنے کا حوصلہ پیدا کرتی ہے، وطن کے دفاع میں سکیورٹی اداروں نے جس جرات اور ہمت کا مظاہرہ کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو داخلی، خارجی اور مالی بحرانوں سے نکالنے کے لیے ایک آزادانہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، ہمیں تمام تر امتیازات اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی بقا و سلامتی کے لیے یکجا ہونا چاہیے۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا ہے کہ دنیا مسئلہ کشمیر کو آسان نہ لے بلکہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے اس کی نزاکت اور حساسیت کو سمجھیں، انہوں نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔