سندھ میں متوقع بارشیں اور سیلاب: صدر مملکت کا متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم

Published On 07 September,2025 10:22 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے سندھ میں متوقع شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہاکہ صوبائی، ضلعی اور بلدیاتی ادارے پیشگی تیاریوں کو حتمی شکل دیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

آصف زرداری نے تاکید کی کہ شہری علاقوں، خصوصاً نشیبی اور ساحلی مقامات پر انتظامات مکمل رکھے جائیں اور حب ڈیم سمیت تمام آبی ذخائر میں پانی کی سطح پر مسلسل کڑی نظر رکھی جائے، انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام تر انتظامات پیشگی طور پر مکمل رکھے جائیں، جب کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر ریلیف مشینری اور عملہ ہر وقت مستعد اور فعال رہے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا کہ میڈیا اور مقامی انتظامیہ عوامی آگاہی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ شہریوں کو بروقت درست معلومات میسر آئیں اور کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ پنجاب سے سیلابی ریلے سندھ کی جانب بڑھ رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں اور پیشگی تیاریاں کی گئی ہیں۔