راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے لوئر دیر میں آپریشن کے دوران 10 خوارج جہنم واصل کر دیئے، کارروائی میں 7 جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے لوئر دیر کے علاقہ لال قلعہ میں آپریشن کیا، کارروائی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 خوارج جہنم واصل ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 7 بہادر سپوت وطن پر قربان ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان اور لانس نائیک عظمت اللہ شامل ہیں، سپاہی عبدالمالک، محمد امجد، محمد داؤد اور فضل قیوم بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید اہلکاروں نے خوارج کے ہاتھوں یرغمال شہریوں کو چھڑانے کی کوشش میں جان کا نذرانہ دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاعات میں ان گھناؤٔنے واقعات میں افغان شہریوں کے براہِ راست ملوث ہونے کی تصدیق کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کو توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی، امید ہے افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی حمایت یافتہ دیگر خوارج کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پُرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔