پرویز الہٰی کا گجرات سے متعلق بیان اُن کے خلاف چارج شیٹ ہے: عظمیٰ بخاری

Published On 13 September,2025 09:23 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی کا گجرات سے متعلق بیان اُن کے اپنے خلاف چارج شیٹ ہے۔

صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری کا پرویز الہیٰ کے بیان پر ردعمل میں کہنا تھا کہ 30 سال گجرات کے نام پر سیاست کرنے والے شہر کا سیوریج نہیں ڈال سکے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات کے پانی کی نکاسی کے ایک ہفتے بعد پرویز الہٰی کو ہوش آگیا، سابق وزیر اعلیٰ کا گجرات سے متعلق بیان اُن کے اپنے خلاف چارج شیٹ ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ چودھری صاحب! عوام آپ کی حکومت کی کرپشن اور رشتہ داروں کو نوازنے سے پوری طرح آگاہ ہے، گجرات آپ کے وائٹ پیپر پروجیکٹس کی وجہ سے ڈوبا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گجرات میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کرنے والے ہمیں کس منہ سے طعنے دے رہے؟جن کے لیڈر کے منصوبے لنگر خانے اور پناہ گاہیں تھی وہ بھی بولنے لگ گئے اللہ کی شان ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مریم نواز نے تین دن میں گجرات کلیئر کرکے باپ بیٹے کا منہ دھویا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت کا کارنامہ ہی ہے کہ اِس نے ضلع سے شروع ہونے والی 1122 کا دائرہ کار صوبے تک پھیلایا۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں سیلابی پانی سے عوام کو محفوظ بنانے کے لیے طویل اور قلیل المدتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، عوام کے لیے واقعی اتنا دَرد ہے تو آئیں سیلابی علاقوں میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔