مریم نواز کا رحیم یارخان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، حکام کی بریفنگ

Published On 12 September,2025 10:16 pm

رحیم یارخان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رحیم یارخان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، حکام نے سیلابی صورتحال اور ریلیف بارے سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔

حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں 59 ریلیف کیمپ قائم کئے، تیار کھانا اور طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو اہلکاروں کو شاباش دی، مریم نواز نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ متاثرین کے گھر دوبارہ تعمیر کر کے دیں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے بچوں کے لیے قائم عارضی سکول کا بھی دورہ کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے بچے کو گود میں اٹھایا، اپنے ہاتھ سے پانی بھی پلایا، مریم نواز نے بچوں میں تحائف تقسیم کیے، وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کے چیک دیئے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ آپ نے فکر نہیں کرنی، سیلاب کے بعد نقصانات کا ازالہ کریں گے، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سیلاب متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہے۔