برطانوی ہائی کمشنر کی اسحاق ڈار سے ملاقات، سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا اعلان

Published On 12 September,2025 02:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 30 لاکھ پاؤنڈ امداد کا اعلان کر دیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اعلیٰ سطح روابط کی اہمیت، خطے کی صورتحال اور سیلاب و مون سون سے متاثرہ علاقوں میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مون سون اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

برطانوی ہائی کمشنر نے 30 لاکھ پاؤنڈ کی فوری ہنگامی امداد اور مستقبل میں انسانی ہمدردی کی مزید معاونت کا اعلان کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بروقت امداد اور یکجہتی کے اظہار پر برطانوی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔