بلاول بھٹو کا حکومت سے سیلاب متاثرین کیلئے بین الاقوامی امداد کی اپیل کا مطالبہ

Published On 12 September,2025 11:03 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے سیلاب متاثرین کیلئے فوری بین الاقوامی امداد کی اپیل کا مطالبہ کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ ہم وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مطالبے پر ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، یہ قابل افسوس ہے کہ وفاقی حکومت اب تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بالخصوص جنوبی پنجاب کے متاثرہ اضلاع کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کسی ریلیف کا اعلان نہیں کر سکی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر مجھے یقین دہانی کرائی تھی کہ متاثرین سیلاب کو بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے نظام کے تحت بین الاقوامی امداد کیلئے اپیل میں تاخیر ناقابلِ فہم ہے، اس سطح کی آفات کے دوران دنیا بھر میں بین الاقوامی امداد کی اپیل ایک معمول کی پریکٹس ہے جیسا کہ 2022 کے سیلاب کے دوران اس وقت کیا گیا جب میں وزیر خارجہ تھا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان نے اس سے قبل 2010 کے سیلاب اور 2005 کے زلزلے کے وقت بھی بین الاقوامی امداد کیلئے اپیلیں کی تھیں، دنیا بھر کے ممالک ایسی قدرتی آفات کے ابتدائی 72 گھنٹوں کے دوران عالمی برادری سے مدد کی اپیل کرتے ہیں، بین الاقوامی امداد کی اپیل نہ کر کے کروڑوں متاثرہ پاکستانیوں کو اس امداد سے محروم رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بین الاقوامی امداد کی اپیل فوری طور پر کی جائے، پاکستان پیپلز پارٹی متاثرین سیلاب کیلئے تمام صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قراردادیں پیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب اور سندھ کے متاثرہ علاقوں کے میرے حالیہ دوروں کے بعد میری ملاقات وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیرِ زراعت سے ہوئی ہے، جس میں صوبائی سطح پر زراعت سے وابستہ برادری کی مدد کیلئے غور کیا گیا ہے۔

سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ زراعت کا شعبہ متاثر ہوا ہے، ہمیں اُمید ہے کہ وفاقی حکومت بھی زراعت کے شعبے کی بحالی کیلئے ہمارے اقدامات میں ہماری بھرپور مدد کرے گی۔