مریم اورنگزیب کی علی پور آمد، سیلاب متاثرین کیلئے ریسکیو آپریشن کا مشاہدہ

Published On 13 September,2025 09:58 am

علی پور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب رات گئے علی پور کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں جہاں انہوں نے متاثرین کیلئے ریسکیو آپریشن کا مشاہدہ کیا۔

علی پور اور گرد و نواح میں شدید سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی ہے جس کے باعث متعدد دیہات زیرِ آب آ گئے اور سینکڑوں افراد متاثرہ علاقوں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

سینئر وزیر نے سیت پور اور لتی ماڑی کا ہنگامی دورہ کیا اور موقع پر موجود انتظامیہ کو فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کی، ان کے دورے کے دوران سیلاب زدگان کی براہِ راست نگرانی میں انخلا کا عمل جاری رہا جبکہ دور دراز علاقوں میں پھنسے افراد کیلئے بیڑوں اور کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔

پنجند کے مقام پر مریم اورنگزیب کو سیلابی صورتحال، متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور انخلا آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، سینئر وزیر خود امدادی سامان، ٹینٹ، خوراک اور پینے کے صاف پانی کے ساتھ سیت پور روانہ ہوئیں تاکہ متاثرہ خاندانوں تک فوری ریلیف پہنچایا جا سکے۔

مریم اورنگزیب کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ترجیح متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا، فوری ریلیف کی فراہمی اور بنیادی ضروریات جیسے شیلٹر، ادویات اور راشن کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے، اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں دن رات سرگرمِ عمل ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود علی پور میں جاری ریلیف سرگرمیوں کی براہِ راست مانیٹرنگ کر رہی ہیں اور حکومت کی پوری مشینری متاثرین کی مدد میں متحرک ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ کوئی بھی متاثرہ خاندان امداد سے محروم نہ رہے اور ہر ممکن سہولت فوری طور پر مہیا کی جائے۔