پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر آ رہا ہے: پی ڈی ایم اے

Published On 15 September,2025 11:17 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر آ رہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پنجند کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ تین لاکھ 7 ہزار کیوسک ہے جبکہ دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر ایک لاکھ 8 ہزار کیوسک کے ساتھ درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج پر ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 89 ہزار کیوسک ہے، دریائے چناب، دریائے راوی اور پنجاب کے بڑے نالوں میں پانی کا بہاؤ اس وقت معمول کی سطح پر ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 104 ہو گئی ہے جبکہ 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 4700 سے زائد دیہات زیر آب آئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں دریائے راوی، دریائے چناب اور ستلج کے سیلابی ریلوں نے صوبے کے مختلف علاقوں میں تباہی مچائی ہے۔

اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے 11ویں سپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 16 سے 19 ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔