اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سہ ملکی دورے کا آغاز کر دیا، پہلے مرحلے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر ماحولیات مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان سے ملاقات شیڈول ہے، دونوں رہنماؤں میں علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال ہوگا، دوطرفہ امور اور تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک میں تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودیہ مکمل کر کے برطانیہ روانہ ہوں گے، وزیراعظم کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف 21 ستمبر کو برطانیہ سے امریکا جائیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا امکان ہے، وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 26 ستمبر کو ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی 22 ستمبر کو فلسطین سے متعلق دو ریاستی حل کی سربراہ کانفرنس میں شرکت بھی متوقع ہے۔