اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کا دورہ کیا اور اور انگریزی چینل کا افتتاح بھی کر دیا۔
وزیر اعظم نے پاکستان ٹیلی ویژن میں قائم کردہ پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے قیام کی تختی کی نقاب کشائی کی اور بعدازاں ڈیجیٹل چینل کی باقاعدہ نشریات کے آغاز کا افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے، وزیر اعظم نے نئے چینل کے مختلف سیکشن کا دورہ بھی کیا اور وہاں کام کرنے والے نوجوانوں سے بات چیت کی۔
انہوں نے نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ بیرونی بیانیہ کی جنگ میں انکا کردار انتہائی اہم ہے، اس ڈیجیٹل چینل کے آغاز کا بنیادی مقصد مسلسل حقیقی خبریں فراہم کرتے ہوئے پاکستان کے بارے میں ہونے والی غلط بیانی اور پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینا ہے۔
وزیر اعظم نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کی نشریات کے لیے اپنا پہلا انٹرویو بھی ریکارڈ کروایا، افتتاح کے موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے وزیر اعظم کو پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل عالمی سامعین کو پاکستان کے لیے ایک فعال اور مستند آواز فراہم کرنے، معلومات کے فرق کو ختم کرنے اور عوامی سفارت کاری کے لیے انگریزی زبان کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔