عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹیں غیرقانونی قرار دینے کیلئے درخواست دائر

Published On 20 September,2025 09:24 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے جیل میں قید کے دوران ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹس غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

بیرسٹر ظفر اللہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں شہری غلام مرتضیٰ خان نے مؤقف اپنایا ہے کہ سزا یافتہ قیدی کے جیل میں قید کے دوران آفیشل اکاؤنٹ سے انتشاری پوسٹس غیر قانونی ہیں۔

اُنہوں نے استدعا کی ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی اور پی ٹی اے کو تحقیقات کر کے ایکس اکاؤنٹ چلانے والے کی نشان دہی کی ہدایت کی جائے اور بدنیتی پر مبنی غیر قانونی اور انتشاری مجرمانہ ٹوئٹس کو بلاک اور سوشل میڈیا سے ہٹانے کے احکامات دیے جائیں۔