لاہور:(دنیا نیوز) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بیٹوں کی گرفتاری کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے اگرآپ کا خیال ہےکہ ہم ڈرجائیں گےتوایسا نہیں ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں سلمان اکرم راجہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکار میرے بیٹے کا گھیراؤ کرکے گاڑی سے نکال کر لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ بانی پی پی ٹی آئی کے اور ہم پر پریشر ڈالنے کی حرکت ہو سکتی ہے، اگر آپ کا خیال ہے کہ ہم ڈر جائیں گے تو ایسا نہیں ہے، ہم عظیم مقصد کے لیے اپنے بھائی کا ساتھ دے رہےہیں۔
عمران خان کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ ہمارا بھائی پاکستان میں حقیقی آزادی کی بات کررہا ہے، حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ہمیں کوئی ڈرنہیں، ہم سب لوگ حق کےساتھ کھڑے ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی کی ضمانت پر خوشیاں منانے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، ہم سب نے مل کر اپنے ملک کو بچانا ہے،عمران خان نے کہا یہ مشکل وقت ہے اس کے بعد روشنی ہے، بانی نےکہا ہے کہ گھبرانا نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھ پر80 مقدمات درج ہیں، ہمیں پتہ ہے کسی بھی وقت گرفتار ہو سکتے ہیں، حکومت کی بوکھلاہٹ اورخوف صاف نظرآرہا ہے۔