اسلام آباد: ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے یکم اکتوبر کی ڈیڈ لائن

Published On 23 September,2025 11:12 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے یکم اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد حمزہ ہمایوں کے مطابق لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف اب کارروائی ہو گی اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کی گرفتاری ہو گی اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کی گاڑی بھی بند کر دی جائے گی، اسلام آباد ٹریفک پولیس یکم اکتوبر تک شہریوں کو سہولت فراہم کرے گی۔

حمزہ ہمایوں نے کہا ہے کہ شہری فیض آباد، ایف 6 سہولت مرکز اور ٹریفک سہولت وینز سے لائسنس بنوا سکتے ہیں، لائسنس کی ڈیجیٹل کاپی ناقابل قبول ہے، اس لیے شہری لائسنس کی فزیکل کاپی اپنے ساتھ رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانا اپنی اور دوسروں کی جان کے لیے خطرہ ہوتا ہے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کسی بھی شہری کی جان خطرے میں ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔