سندھ: 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات آج ہوں گے

Published On 23 September,2025 10:23 pm

کراچی:(دنیا نیوز) سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات آج ہوں گے۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، دو ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، 6 چیئرمین، 7 وائس چیئرمین اور 13 جنرل ممبر، وارڈ ممبر کا انتخاب ہوگا، جن حلقوں میں انتخابات ہورہے وہاں تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

کشمور، کندھ کوٹ، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی سکھر، خیرپور، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، عمر کوٹ، تھرپارکر، مٹیاری، دادو، جامشورو، حیدرآباد، بدین اور ٹھٹھہ میں 23 بلدیاتی نشستوں جبکہ کراچی ڈویژن کے 3 اضلاع میں 5 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔

کراچی میں ضلع شرقی، غربی اور کیماڑی میں 1 چیئرمین، 3 وائس چیئرمین اور 1 جنرل ممبر کا انتخاب ہوگا، ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر 2 ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، 6 چیئرمین7 وائس چیئرمین اور 13 جنرل،وارڈ ممبر کے لیے پولنگ ہوگی، ان میں کراچی ڈویژن کے 3 اضلاع کی 5 بلدیاتی نشستیں بھی شامل ہیں۔

ضلع شرقی میں ٹی ایم سی سہراب گوٹھ کی یوسی 8 میں وائس چیئرمین، ضلع غربی ٹی ایم سی منگھو پیر یو سی 10 کے وائس چیئرمین، ضلع کیماڑی ٹی ایم سی بلدیہ کی یو سی 8 کے وائس چیئرمین جبکہ ٹی ایم سی اورنگی کی یو سی نمبر 1 کے چیئرمین اور یو سی 7 کے جنرل ممبر کی نشست پر انتخاب ہوگا۔

یاد رہے سندھ کے 14 اضلاع میں ضمنی انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار187 ہے، جن میں ایک لاکھ 33 ہزار 38 مرد اور ایک لاکھ 10 ہزار 154 خواتین شامل ہیں، مجموعی طور پر 168 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 128 انتہائی حساس، 34 حساس اور 6 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں 67 بلدیاتی نشستوں پر انتخابات ہونا تھے جن میں سے 33 بلدیاتی نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے، 2 نشستوں پر کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے جبکہ 3 نشستوں کے لیے جمع ہونے والے کاغذات نامزدگی مسترد قرار دیے گئے تھے، ایک امیدوار ریٹائر ہوگیا۔